ترکی روس معاہدہ: امریکی صدر ٹرمپ کا ترکی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

امریکہ (این پی پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ ترکی پر نو روز قبل شمالی شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کرنے پر عائد کی گئی پابندیاں ختم کر رہا ہے۔
ان کا یہ فیصلہ روس کے شام کی سرحد پر جنگ بندی میں توسیع کے لیے فوج کی تعیناتی پر ترکی کے ساتھ معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت روسی اور شامی افواج اس بات کی نگرانی کریں گی کہ کرد فورسز وہاں سے فوری نکل جائيں۔
ترکی نے کرد افواج کے خلاف کارروائی کا آغاز رواں ماہ کے شروع میں صدر ٹرمپ کے شمالی شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے غیر متوقع اقدام کے بعد کیا تھا۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاوس سے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ ’اس طویل خون آلود سرزمین پر کسی اور کو لڑنے دیا جائے۔
ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کے شام سے اچانک فوجی انخلا کے فیصلے پر شدید تنقید کی تھی۔ کیونکہ ترکی کی جانب سے نشانہ بنائے جانے والے کرد اس خطے میں شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں امریکہ کے کلیدی حلیف تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں