’اتنا پیار اتنی محبت، ایسا لگ رہا تھا یہ میرے کیریئر کی آخری قسط ہے‘

کراچی(این پی پی) پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے شائقین کی جانب سے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کو پسند کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر لکھا کہ ’اتنے پیار اور محبت کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ ڈرامے کی آخری قسط تھی یا شاید میرے کیریئر کی آخری قسط تھی۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ سب کا بے حد شکریہ کہ انہوں نے ڈرامے میں میرے کردار دانش کو اس قدر پسند کیا۔
اداکار ہمایوں سعید نے عائزہ خان اور عدنان صدیقی کے ساتھ ساتھ ہدایت کار ندیم بیگ اور ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی ایک شادی شدہ جوڑے کے گرد گھومتی ہے۔
ڈرامے کا آغاز ہمایوں سعید اور عائزہ خان کی زندگی سے ہوتا ہے جنہوں نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا (رومی) ہے، ہمایوں سعید کو اپنی اہلیہ سے بے حد محبت کرتے دکھایا گیا ہے، وہیں عائزہ خان کا کردار ایک بے وفا بیوی کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں