ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

لکھنؤ (این پی پی) بھارتی سرزمین پر ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے کرکٹ سیریز کے سلسلے کا پہلا مقابلہ کالی آندھی نے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ لکھنؤ میں کھیلے گئے میچ میں افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46 ویں اوورز کی دوسری گیند پر 194 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ رحمت شاہ 61 اور اکرام علی خیل 58 کے سوا کوئی بھی بلے باز جم کرنہ کھیل سکا۔ شیپرڈ، چیس اور جیسن ہولڈر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شائی ہوپ اور چیس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے ہدف 3 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ گو تعاقب انتہائی محتاط  لیکن بہت دلکش انداز میں کیا گیا، شائی ہوپ 77 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جب کہ چیس نے 94 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن نے 33 رنز دے کر دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ روسٹن چیس عمدہ آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں