دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے بنگلادیش کو ہرادیا

راج کوٹ (این پی پی) بنگلادیش کی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورۂ بھارت پر ہے، جہاں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اُسے میزبان کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ یوں تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ یاد رہے بھارت کو اُس کے ریگولر کپتان ویرات کوہلی کا ساتھ میسر نہیں کہ وہ ان دنوں اپنی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ بھوٹان میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ اُن کی جگہ کپتانی کے فرائض روہت شرما ادا کررہے ہیں۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، بنگال ٹائیگرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ محمد نعیم 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ محمود اللہ اور سومیہ سرکار نے 30،30 رنز کی باریاں کھیلیں۔ بھارت کی جانب سے چاہل نے دو بنگالی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھارت نے روہت شرما کی جارحانہ بیٹنگ کے بدولت ہدف باآسانی سولہویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کپتان روہت شرما 43 گیندوں پر چھ چوکوں اور اتنے ہی فلک بوس چھکوں کی بدولت 85 رنز بناکر آئوٹ ہوئے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔بنگلادیش کی جانب سے امین الاسلام نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں