تیسرا ٹی ٹوئنٹی: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو عبرت ناک شکست

پرتھ (این پی پی) آسٹریلیا نے پاکستان کو تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کردیا۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں میزبان نے قومی ٹیم کو دس وکٹوں کی عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون قومی ٹیم کو ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے اپنے تجربات کی بھینٹ چڑھادیا۔اُن کے تجاہل عارفانہ سے لبریز تجربات کی وجہ سے سری لنکا کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد دورۂ آسٹریلیا میں بھی ہزیمت ہی ہاتھ آئی۔ سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض 106 رنز ہی جوڑ سکا۔ افتخار احمد کے سوا کوئی بلے باز بہتر کارکردگی پیش نہ کرسکا۔ اُنہوں نے 37 گیندوں پر 45 رنز بناکر تھوڑی بہت مزاحمت کی۔ دیگر بلے باز تو ٹی ٹوئنٹی کو ٹیسٹ کے انداز میں کھیلتے دکھائی دیے۔ آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈسن نے 3 جب کہ ایبٹ اور اسٹارک نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سابق کپتان سرفراز کی جگہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے رضوان پہلی گیند پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا نے ہدف بغیر کسی نقصان کے 12 اوورز میں ہی پورا کرلیا۔ آسٹریلوی کپتان فنچ نے 52 اور ڈیوڈ وارنر نے48 رنز بنائے۔ ایبٹ عمدہ گیند بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ اسٹیو اسمتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرنے میں سرخرو رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں