ویسٹ انڈیز نے 2014 کے بعد پہلی ون ڈے سیریز جیت لی

لکھنؤ (این پی پی) بھارتی سرزمین پر ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی جارہی ہے، جس کے سلسلے کے دوسرے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔ یہ کالی آندھی کی 2014 کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں پہلی سیریز فتح ہے۔ اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ کالی آندھی کی جانب سے بلے بازوں میں نکولس پوران 67 اور ای لیوس 54کے ساتھ نمایاں رہے۔ خصوصاً پوران کی اننگز خاصی جارحانہ تھی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز قابل قدر مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہا۔ افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ افغان ٹیم ہدف کا تعاقب درست طور پر نہ کرسکی اور پوری ٹیم 46 ویں اوورز میں 200رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ افغان ٹیم کی تباہی میں کوٹریل، چیس اور والش نے تین تین وکٹیں لے کر بھرپور حصہ ڈالا۔ 50 گیندوں پر 67 رنز کی عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرنے والے پوران میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں