عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز کی پاکستان آمد

کراچی(این پی پی) فٹ بال کے میدان سے پاکستانیوں کے لیے خوشی کی خبر یہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز دورۂ پاکستان کے سلسلے میں کراچی پہنچ گئے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں ریکارڈو کاکا، لوئس فیگو، کارلیس پیوئل اور نکولس انیلکا شامل ہیں، یہ چاروں فٹ بالر لاہور بھی جائیں گے۔پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے انٹرنیشنل فٹبالرز کو پاکستان مدعو کیا گیا ہے، ہفتہ کو چار انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان کے دورے کے سلسلے میں ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔کراچی پہنچنے والوں میں برازیل کے ریکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلیس پیوئل اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں۔ ان کے شیڈول میں کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کھیلنا شامل ہیں جس سے مقامی کھلاڑی فائدہ اٹھاسکیں گے۔ بنیادی طور پر دورے کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر قائم کرنا اور ملک کے اندر فٹ بال کی ترقی اور فروغ ہے۔کراچی پہنچنے کے بعد انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان میں فٹ بال میں ترقی ہو اور نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں، پاکستان میں فٹ بال کی پروموشن کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ چاروں فٹبالرز نے کہا کہ ہم پاکستان آ کر بہت خوش ہوئے ہیں اور یہاں سے ملنے والی محبت پر بہت مسرور ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے تجربے کو نوجوانوں میں منتقل کریں، اس حوالے سے ہم سے جو بھی ہو سکا، ہم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں