ڈیل کا تاثر غلط، نواز کو انسانی ہمدردی کی بنا پر بھیجا جارہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(این پی پی)نواز شریف کو صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک بھیجا جارہا ہے، ڈیل کا تاثر درست نہیں ،احتساب کا عمل جاری رہے گا۔یہ خیالات وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر حکومتی بیانیے پر مشاورت ہوئی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک بھیجا جارہا ہے، اور سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے قانونی پہلو وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم دیکھ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے واضح موقف دے چکی ہے، نواز شریف قانونی تقاضے پورے کر کے باہر جائیں، حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو نواز شریف کے علاج سے متعلق حکومتی مؤقف کا سیاسی تاثر زائل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل کا تاثر درست نہیں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں