وارنر کی ٹرپل سنچری، 589 پر آسٹریلین اننگز ڈیکلیئر،پاکستان کے 96 پر 6 آئوٹ

ایڈیلیڈ (این پی پی) ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا دوسرا روز پاکستان کے لیے پہلے دن کے مقابلے میں خاصا بھیانک اور مایوس کُن ثابت ہوا۔مایوس کن کھیل سے ہمارے کھلاڑی جان نہ چھڑا سکے۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 335 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بناکر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی اور پاکستان نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر محض 96 رنز ہی اسکور کیے ہیں۔ ہمارے بولرز کی بدترین کارکردگی اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگی کہ اُنہوں نے محض 3 وکٹیں لے کر 589 رنز کا پہاڑ مخالف بلے بازوں کو تحفتاً پیش کیا۔ مصباح کی چیف سلیکٹری کام آئی نہ ہیڈ کوچنگ میں وہ کوئی قومی ٹیم میں سُدھار لاسکے۔ وقار یونس کی بولنگ کوچ کی حیثیت پر بھی سوال اُٹھنے لگے ہیں۔ دورۂ آسٹریلیا کے لیے کمزور ترین اسکواڈ کی سلیکشن پر سوالات کی بوچھاڑ ہے۔ مارنس لبوشنے 162 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹے۔ تینوں وکٹیں شاہین آفریدی نے ہی حاصل کی، اُن کے سوا کوئی قومی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ جواب میں 35 اوورز کے کھیل میں پاکستان نے محض 96 رنز کے دوران 6 وکٹیں گنوادیں۔ کوئی بھی بلے باز کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ امام الحق، اظہر علی، محمد رضوان، افتخار احمد، شان مسعود سب ناکام رہے۔ اسٹارک نے 4 جب کہ کمنز اور ہیزل وُڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں