ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے ہرادیا

ایڈیلیڈ (این پی پی) ایڈیلیڈ ٹیسٹ چوتھے روز ہی آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ قومی ٹیم کو کینگروز کے دیس میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ایک اننگز اور48 رنز کی ہزیمت کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاکستان کی پوری ٹیم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں محض 239 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ شان مسعود 68 اور اسد شفیق 57 رنز کے ساتھ تھوڑی بہت مزاحمت کرسکے جب کہ باقی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے وار نہ سہہ سکے اور ٹیم کی کشتی بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹتے گئے۔ قبل ازیں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بناکر پویلین لوٹا، جس میں سب سے بڑی اننگز سنچری کی صورت میں 113 رنز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے بناکر بیٹسمینوں کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی تھی، لیکن اُنہوں نے اس سے کوئی سبق نہ سیکھا۔ بابر اعظم پہلی اننگز میں 97 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے تھے۔ لیون نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے اس ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی تھی۔ اُس کے اوپنر ڈیوڈ وارنر قومی بولرز پر قہر بن کر نازل ہوئے تھے اور 335 رنز کی عمدہ باری کھیلی تھی۔ وہ ناصرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی وارنر کے ہی نام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں