نیپالی خاتون بولرنے پہلے ہی انٹرنیشنل میچ میں عالمی ریکارڈ قائم کردیا

کٹھمنڈو (این پی پی) نیپال کی خاتون بولر انجلی چاند نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 13 گیندوں پر کوئی رن دیے بغیر مالدیپ کی 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے شہر پوکھرا میں ساؤتھ ایشین گیمز میں ہونے والے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم نے مالدیپ کی پوری ٹیم کو محض 16 رنز پر آؤٹ کردیا اور یہ ہدف صرف 5 گیندوں پر حاصل کرلیا۔فتح سے زیادہ اس میچ کی خاص بات انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کرنے والی 24 سالہ نیپالی بولر انجلی چاند کی بغیر کوئی رن دیے 6 وکٹیں حاصل کرنا ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے صرف 13 گیندوں پر انجام دیا۔ 6 وکٹوں میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔اس سے قبل خواتین کے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں بہترین بولنگ کا اعزاز ملائیشیا کی ایلیسا یاسمین کے پاس تھا جنہوں نے رواں برس جنوری میں چین کے خلاف صرف 3 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ مردوں میں بھارت کے میڈیم پیسر دیپک چاہر نے 7 رنز دے کر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں