بدانتظامی کے باعث کراچی میں بدترین ٹریفک جام

کراچی (این پی پی) کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔ اس موقع پر بدانتظامی اور شہریوں کی جلدبازی کی وجہ سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر رُل گئی۔ منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط ہوگیا۔ پورے شہر میں بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آرہا ہے۔ میچ کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رکھا جارہا ہے جب کہ متبادل سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی کوششوں کا فقدان نظر آتا ہے۔ ٹریفک اہلکار اور افسران تو موجود ہوتے ہیں لیکن وہ ٹریفک کو رواں رکھنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ سی این جی کی بندش کی وجہ سے بھی ٹریفک نظام پر منفی اثر پڑا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں جمعہ کو بھی شہر کے مختلف مقامات پر دکھائی دیں۔میچ کے موقع پر ٹریفک کی روانی سے اچھا تاثر دُنیا بھر میں جاتا، لیکن افسوس بدانتظامی نے بدترین ٹریفک جام کی صورت حال شہریوں کے لیے سوہان روح ثابت ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں