آسٹریلیا کے دوسری اننگز میں 4 وکٹ پر 137 رنز، مجموعی برتری 456 رنزہوگئی

میلبورن (این پی پی) میلبورن ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنالیے، یوں اُس کو مہمان نیوزی لینڈ پر مجموعی طور پر 456 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ آسٹریلیا نے اپنی پوزیشن خاصی مضبوط کرلی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میںٹام ہیڈ کی شاندار سنچری کی بدولت 467رنز بناکر پویلین لوٹی تھی، جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم خزاں رسید پتوں کی طرح 148 کے معمولی مجموعے پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ ٹام لیتھم ہی پچاس رنز کی صورت مزاحمت کرسکے تھے۔ نیوزی لینڈ کی تباہی میں پیٹ کمنز نے کلیدی کردار ادا کیا تھا،اُنہوں نے محض 28 رنز دے کر 5 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری باری میں 4 وکٹوں پر 137 رنز جوڑ لیے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واگنر دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نیوزی لینڈ اس میچ اور سیریز کو بچانے میں سرخرو ہوتا ہے یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں