سینٹرل پنجاب نے قائداعظم ٹرافی جیت لی

کراچی (این پی پی) فائنل مقابلے میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر قائداعظم ٹرافی جیت لی۔عمر اکمل اور بلال آصف نے وسطی پنجاب کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، جہاں عمر اکمل نے شاندار ڈبل سنچری بنائی، وہیں بلال آصف نے ناردرن کی دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کارکردگی پر یہ دونوں کھلاڑی مشترکہ طور پر فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 254 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔ جواب میں سینٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر675 رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ ترتیب دیا، جس میں عمر اکمل کا حصہ 218 رنز تھا۔ ان کے علاوہ اظہر علی بھی 119 رنز کی باری کھیلنے میں کامیاب رہے تھے۔ دوسری اننگز میں ناردرن کی ٹیم حیدر علی 134 رنز اور علی سرفراز 81 اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کی 70 رنز کی مزاحمت کے باوجود 405 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ بلال آصف نے 112 رنز دے کر 8 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں