جونیئرز برٹش اسکواش کے لیے پاکستان نے کوالیفائی کرلیا

اسلام آباد(این پی پی) کبھی اسکواش میں پاکستان کی حکمرانی تھی، اب اُس کے کھلاڑیوں کو برٹش اسکواش کے لیے کوالیفائنگ رائونڈز کھیلنا پڑتے ہیں۔ اسی حوالے سے تازہ خبر کے مطابق پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برٹش جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے مین راونڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ورلڈ اسکواش فیڈریشن وبرٹش اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام شیڈول برٹش جونئیر اسکواش ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ ریکنگ اسکواش کے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، موصولہ نتائج کے مطابق پاکستان کے محمد احمد نے ملائیشیا کے ٹائی جان کو گیارہ چار، بارہ دس ، اور گیارہ آٹھ سے مات دے کر کورٹ سے باہر جانے کا راستہ دیکھایا۔انس علی پاکستان نے کولمبیا کے جوان کو جونز کو گیارہ آٹھ، گیارہ آٹھ اور گیارہ آٹھ سے شکست دی۔ پاکستان کے نوجوان اسکواش اسٹار نور زمان نے کریم کو گیارہ سات، گیارہ تین اور تیرہ گیارہ سے ہرادیا۔ اسد اللہ پاکستان نے ڈیز ائر لینڈ کو گیارہ سات، گیارہ نو اور گیارہ چار سے مات دی۔ محمد حمزہ خان نے تھامسن انگلینڈ کو گیارہ پانچ، گیارہ دو اور گیارہ تین سے شکست دی۔پاکستان جونئیر اسکواش ٹیم منیجر حسین ادوائی کا کہنا ہے کہ برٹش جونئیر اسکواش کے ایونٹ میں نوجوان اسکواش کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل اسکواش رینکنگ میں اپنی نمایاں پوزیشن حاصل کریں گے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نیشنل اسکوڈ میں شامل تمام کھلاڑی سپر فٹ ہیں اور ایونٹ میں بھر پور اندازمیں کامیابی ملک کے نام کریں گے، پاکستان اسکواش فیڈریشن نے نوجوان کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولتیں مہیا کی ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کے جونیئرز اس میگاایونٹ میں کیا کارکردگی دکھاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں