ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ منعقدہ بھارت میں پاکستان شرکت کرے گا

لاہور (این پی پی) بھارت ہمیشہ ہی پاکستان سے خراب تعلقات کے بیچ کھیل کو لایا ہے، وہ پاکستان میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت سے اسی لیے گریزاں رہتا ہے، وہ کھیل میں سیاست کے دخل کی عادت بدمیں مبتلا ہے، تاہم پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو کھیل ہی سمجھا ہے اور یہی ہمارے موقف کی جیت بھی ہے۔ اسی لیے قومی ریسلنگ ٹیم بھارت میں شیڈول ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے فروری میں بھارت جائے گی۔ براعظم ایشیا کے ملکوں کے ریسلرز کا سب سے بڑا میلہ 18 فروری سے 23 فروری تک نئی دہلی میں ہوگا، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے ہمسایہ ملک میں شیڈول 6 روزہ مقابلوں کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ سے جلد کیمپ لگانے کی اپیل کی ہے۔ریسلنگ فیدڑیشن کے سیکریٹری ارشد ستار کے مطابق بھارتی منتظمین کو ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے اور یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ فیدڑیشن کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا ہے، اب باقاعدہ دعوت نامہ ملنے کے بعد ویزا پروسیس کا آغاز کردیاجائے گا۔سیکریٹری پی ڈبلیو ایف کے مطابق ایشین چیمپئن شپ میں شرکت اس لیے بھی ضروری ہے کہ اس ایونٹ میں حصہ لینے والے ریسلرز ہی اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کھیلنے کے اہل ہوں گے، جو 27 سے 29 مارچ تک چین میں شیڈول ہے، ہم نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو جلد سے جلد کیمپ لگانے کے لیے خط لکھ دیا ہے، اس سے پہلے بھی ہم فنڈز کی قلت کی وجہ سے ایشین چیمپئن شپ میں نہیں جاسکے تھے لیکن اس بار ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ضروری ہے کہ حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرح دیگر کھیلوں کے اداروں اور فیڈریشنز کو بھی معقول فنڈز کی فراہمی کا بندوبست کرے، تاکہ کرکٹ سمیت دوسرے کھیلوں میں بھی ہمارے کھلاڑی ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں