حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

لاہور (این پی پی)رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ محمد حفیظ کے کیریئر کا آخری ایونٹ ثابت ہوگا، بشرطیکہ اس عالمی کپ میں وہ قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں۔ گزشتہ روز بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اُن کو شامل کیا گیا تھا، اس کے اگلے روز اُنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ محمد حفیظ نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں واپسی میرے لیے سر پرائز نہیں ، میں اسے مس کررہاتھا واپسی پر خوشی ہوئی ، بولنگ کی کمی محسوس کروں گا، بولنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں، پاکستان کے لیے بہ حیثیت بیٹسمین کھیلا ہوں اور بولنگ کی اضافی صلاحیت ٹیم کے کام آتی رہی ہے،کوشش ہوگی کہ بطور بولر بھی ایکشن میں نظر آؤں۔سینئر آل رائونڈر کا کہنا تھا کہ میرا پلان ہے کہ فٹنس اور فارم کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلوں اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں، میں کبھی مایوس نہیں بلکہ ہمیشہ پر امید رہتا ہوں اور مثبت سوچتا ہوں، اس سوچ کے ساتھ ٹیم میں آیا ہوں،میری کوشش ہوگی کہ جو اعتماد کیا گیا ہے اس پرپورا اتروں۔ محمد حفیظ نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔نوجوان کھلاڑیوں کواپنے تجربے سے بتاؤں گا کہ کس طرح مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنا ہے، بنگلا دیشی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، اپنے لوگوں کے سامنے کھیلنےکے لیے بے تاب ہوں، زیادہ شائقین کرکٹ کو میدان میں آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔اب دیکھنا یہ ہے حفیظ کس طرح اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں