عمران قوم کیلیے عذاب، ہر گزرتے دن عذاب کی شدت بڑھ رہی ہے، مریم اورنگزیب

لاہور(این پی پی) (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے اور ہر گزرتے دن اس عذاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ نواز لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی کی شدت میں اضافے کی مذمت اور اشیائے خورونوش سستی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایک عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے اور ہر گزرتے دن عذاب کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے 16 ماہ میں نواز شریف کے ترقی کرتے ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا اور عوام سے صرف اُن کو رلانے کا وعدہ پورا کیا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ شماریات کے اعدادوشمار عمران خان کی نالائق حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، سرکاری محکمے خود گواہی دے رہے ہیں کہ ملک نالائق ترین ٹولے کے رحم وکرم پر ہے، بجلی اور گیس سے لے کر دال، سبزی اور ٹماٹر تک ہر چیز مہنگائی کا ریکارڈ توڑ چکی ہے۔ عمران خان اتنی زیادہ مہنگائی کرچکے ہیں کہ غریب اپنی غربت کے ساتھ ختم ہوجائے۔ ‎جو حکومت سستا ٹماٹر، پیاز اور سبزی نہیں دے سکتی، عوام کو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کیسے دے سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی آزمائش جلد ختم ہوگی.

شیئرٹویٹ

اپنا تبصرہ بھیجیں