پہلا ون ڈے :نیوزی لینڈ نے بھارت کی خوش فہمی دُور کردی

ہملٹن (این پی پی) ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو اُس کی سرزمین پر وائٹ واش کرنے پر بھارتی ٹیم کافی نہال تھی، اسی جیت کے خمار میں اُس نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں جم کر نیوزی لینڈ کے بولرز کی دُھلائی کی اور 347 رنز 4 وکٹوں پر بناکے، اپنے تئیں اپنی جیت کو یقینی سمجھ لیا، تاہم اس بار نیوزی لینڈ ہار ماننے والوں میں سے نہیں تھا۔ اُس نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر اُس کی تمام تر خوش فہمی دُور کردی۔ ہائی اسکورنگ میچ میں بھارت نے شریاس ایر کی سنچری اور لوکیش راہول کی جارحانہ 88 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سائوتھی نے 85 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ گرینڈہوم اور سودھی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے عزائم ہی کچھ اور تھے۔ اُس نے روس ٹیلر کی ناقابل شکست 109 رنز ناٹ آئوٹ کی بدولت ہدف 49 اوور کی پہلی گیند پر ہی حاصل کرلیا۔ نکولس 78 اور لیتھم 69 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔ اس مقابلے میں قیادت کے فرائض ٹام لیتھم نے انجام دیے۔ روز ٹیلر شاندار اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں