پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کا آج آغاز، ٹرافی کی رونمائی

راولپنڈی (این پی پی) پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج راولپنڈی میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے جب کہ بنگلادیش کے قائد مومن الحق ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے باہمی مقابلوں میں پاکستان کو سبقت حاصل ہے اور اُسے کبھی بھی بنگلادیش کی ٹیم ٹیسٹ فارمیٹ میں شکست سے دوچار نہیں کرسکی ہے۔ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ میں بابراعظم، اظہر علی، اسد شفیق اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور ٹیم کا تمام تر دارومدار انہی کی بیٹنگ پر ہوگا۔ پاکستان نے گزشتہ مہینوں آخری ٹیسٹ سیریز سری لنکا سے اپنے ہوم گرائونڈ پر کھیلی تھی، جس میں قومی ٹیم نے 1-0 سے کامیابی سمیٹی تھی۔جمعرات کو پاکستان اور بنگلادیش ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں دونوں قائدین اظہر علی اور مومن الحق نے ٹرافی کے ساتھ خصوصی پوز بنوائے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کون اس ٹرافی کا حق دار بنتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں