ناصر جمشید کو 17 ماہ قید، جیل بھیج دیا گیا

مانچسٹر (این پی پی) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ناصر جمشید کو 17ماہ قید کی سزا سنادی گئی، سابق اوپنر اور ان کے دو ساتھیوں کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان، خالد لطیف،شاہ زیب حسن اور محمد عرفان ملوث پائے گئے تھے، ناصر جمشید پر سہولت کاری کا الزام تھا، اوپنر کو برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے اسی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا تھا۔دوسری جانب پی سی سی بی اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اپنی کارروائی میں تمام کرکٹرز کو مختلف سزائیں سنانے کیساتھ ناصر جمشید پر 10سال کے لیے پابندی عائد کردی تھی، برطانیہ کے مانچسٹر کورٹ میں کیس کی سماعت جاری تھی، ناصر جمشید اور ان کے دو ساتھیوں یوسف انور اور محمد اعجاز نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا۔ تینوں ملزمان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں