اسلام آباد یونائیٹڈ ناکام، پی ایس ایل میں سفر تمام

کراچی (این پی پی)کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل فائیو سے باہر کرکے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 10 مقابلوں میں 3 کامیابیاں اور 6 ناکامیاں پانے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا سفر تمام ہوا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ حسین طلعت 37 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ عمید آصف، کرس جارڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال اور افتخار احمد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کراچی کنگز نے ہدف کے تعاقب کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔ خصوصاً شرجیل خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔ شرجیل محض 14 گیندوں پر 37 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اُن کی اننگز 4 چھکوں اور 3 چوکوں سے مزین تھی۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ڈیلپورٹ کے ساتھ نہایت محتاط اور سست بیٹنگ کی اور ایک موقع پر لگنے لگا کہ میچ اسلام آباد میں حق میں چلا جائے گا۔ اس وقت پہلے والٹن اور پھر عمید آصف نے اپنی ٹیم کی نیا پار لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عماد وسیم 34 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شرجیل خان کو انتہائی جارحانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اُنہوں نے مسلسل دوسری بار یہ اعزاز پایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں