کراچی : پی آئی اے مسافر طیارہ آبادی پر جاگرا، 57 جاں بحق

کراچی(این پی پی) کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کا طیارہ گر گیا، جہاز میں عملے سمیت 99 لوگ سوار تھے، سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 8303 کو حادثہ ماڈل کالونی کے علاقے میں پیش آیا، سول ایوی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، کورونا کے باعث مسافروں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔ جہاز عملے میں سجاد گل، عثمان اعظم، فرید احمد، عبدالقیوم، ملک عرفان، مدیحہ اکرام، آمنہ عرفان اور عاصمہ شہزادی شامل ہیں۔ حادثے میں 10 سے زائد رہائشی افراد کو زندہ نکال لیا گیا، مشینری، فائر بریگیڈ اور رضا کار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کے دستوں نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن شروع کر دیا، پاک فوج اور سندھ رینجرز سول انتظامیہ کو اعانت فراہم کر رہے ہیں۔عینی شاہد کا کہنا ہے طیارے کو حادثہ 2 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا، رن وے اور آبادی کے درمیان ایک روڈ کا فاصلہ ہے جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا۔سندھ حکومت ذرائع کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے طیارے گرنے کے بعد 57 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق طیارے حادثے کی 19 لاشیں سول ہسپتال میں لائی گئیں، جناح ہسپتال میں 35 لاشیں لائی گئیں، حادثے میں 3 افراد خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں