پی ایس ایل 5: تمام مقابلے پاکستان میں ہوں گے

لاہور (این پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 5 کے تمام مقابلے پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پی ایس ایل مقابلے پاکستان میں کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں پی ایس ایل فائیو کے 34 مقابلوں کے میزبان ہوں گے اگر کوئی تنازعات جنم لیتے ہیں، غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند نہیں ہوتے توپھر متحدہ عرب امارات کے مختلف وینیوز کو بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے وطن عزیز کو عالمی کرکٹ کے لیے شجر ممنوعہ قرار دے دیا گیا تھا۔ خوش قسمتی سے پی ایس ایل پاکستانی میدانوں اور شائقین کے لیے خوشی کی نوید بن کر آیا اور پہلے پی ایس ایل کے تمام تر میچز متحدہ عرب امارات میں ہوئے تاہم دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا۔ اسی طرح تیسرے اور چوتھے کے فائنلز مقابلے کراچی میں ہوئے جب کہ اس کے علاوہ اور چند میچز بھی پاکستان میں کھیلے گئے۔ اگر پی سی بی اور فرنچائزز پی ایس ایل 5 کے تمام تر میچز پاکستان میں منعقد کرانے میں سرخرو ہوجاتے ہیں تو اس کا دُنیا بھر میں مثبت تاثر جائے گا اور عالمی ٹیمیں پاکستان آکر کرکٹ کھیلیں گی تو اس سے ہمارے سُونے میدانوں کی رونقیں بحال ہوسکیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں