افغانستان نے زمبابوے کو 28 رنز سے ہرادیا

ڈھاکا (این پی پی) بنگلادیش، افغانستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والی بنگلادیش ٹوئنٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کے دوسرے مقابلے میں افغانستان نے زمبابوے کو 28 رنز سے زیر کرلیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20اوورز میں 197 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اور اُس کے پانچ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ نجیب اللہ زردان 69 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔ تیس گیندوں پر مشتمل اُن کی اننگز 6 فلک بوس چھکوں اور 5 چوکوں سے مزین تھی جب کہ رحمان اللہ گرباز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی عمدہ باری کھیلی۔ محمد نبی بھی 18 گیندوں پر 38 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے ولیمز اور چتارا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی جوڑ سکی۔ چکبوا 42 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ سرفہرست رہے۔ فرید خان اور راشد خان نے افغانستان کی جانب سے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔نجیب اللہ زردان عمدہ بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں