پاکستان میں‌ شدید زلزلہ، میرپور میں‌ 23 جاں بحق، 400 زخمی

پاکستان میں شدید زلزلے نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی۔ آزاد کشمیر میں زلزلے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں، دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے تصدیق کی ہے کہ میر پور سمیت آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 23 ہوگئی ہیں، ہلاکتوں میں مزید اضافے کے اندیشے بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں تھا۔میرپور میں زلزلے سے سڑکوں پر گہرے شگاف پڑگئے اور کئی گاڑیاں الٹ گئیں جس کے باعث آمد و رفت منقطع ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ٹیکسلا،واہ کینٹ، جہلم، سوہاوہ، جھنگ، سرگودھا، سمندری، چنیوٹ، جنڈیالہ شیر خان، ٹوبھہ، گوجرخان، اٹک، اوکاڑہ، رائیونڈ، خوشاب، جڑانوالہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ادھر خیبر پختون خوا میں بھی پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، صوابی ، بونیر ، سوات ، دیر ، چترال سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو آزادکشمیر میں امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد آرمی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔ امدادی سرگرمیوں‌ کے حوالے سے حکومت کو بھی ہنگامی بنیادوں‌پر اقدامات کرنے چاہئیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں