وشاکاپٹنم ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے 8 وکٹوں پر 385 رنز بناکر بھارتی اُمیدوں پر پانی پھیردیا

وشاکاپٹنم (این پی پی)جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے بھارتی اُمیدوں پر پانی پھیردیا۔ جنوبی افریقی ٹیم ان دنوں دورہ بھارت پر آئی ہوئی ہے، جہاں میزبان ملک سے ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک جنوبی افریقا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنالیے ہیں، اب اُسے بھارت کے پہلی اننگز کے بھاری بھرکم مجموعے 502 رنز7 وکٹ پر ڈیکلیئر تک رسائی کے لیے مزید 117 رنز درکار ہیں۔ دوسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقا کے جلد ہی 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ بھارت اس ٹیسٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرلے گا، لیکن جنوبی افریقی اوپنر ایلگر اور وکٹ کیپر بیٹسمین کوانٹن ڈی کاک بھارتی عزائم کی راہ میں رُکاوٹ بن گئے۔ دونوں نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ افریقی ٹیم کے محض 63 رنز پر چار اہم بلے باز آئوٹ ہوچکے تھے۔ اس موقع پر پہلے ایلگر نے کپتان فاف ڈوپلیسی کے ساتھ 115 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، ڈوپلیسی 55 رنز بناکر پویلین لوٹے تو ایلگر کو ڈی کاک نے جوائن کیا اور پھر دونوں بلے بازوں نے شاندار 164 کی شراکت قائم کی۔ ایلگر 160 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ڈی کاک 111 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے ایشون نے 128 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ رویندرا جڈیجا نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ اس کے لیے اُنہوں نے 116 رنز کی پٹائی بھی برداشت کی۔ اس سے قبل بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 502 رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ بھارتی اوپنروں نے پہلی وکٹ کے لیے شاندار 317 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ اگروال نے 215 رنز بنائے جب کہ روہت شرما 176 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز ثابت ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں