پہلا ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا نے پاکستان کو 64رنز سے ہرادیا

لاہور (این پی پی) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی 64 رنز سے ہرادیا۔ قومی ٹیم میں عرصے بعد واپس آنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کوئی متاثر کُن کھیل پیش نہ کرسکے اور بالترتیب صفر اور 4 رنز پر یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوکر مزید قومی ٹیم کو دبائو اور بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلتے بنے۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ گناتھیلاکا اور فرنانڈو نے شاندار 84 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ گناتھیلاکا جارحانہ 57 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اُن کی اننگز ایک چھکے اور 8 چوکوں سے سجی تھی۔ نوجوان فاسٹ بولر حسنین نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا۔ اُنہوں نے 37 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور وہی قومی ٹیم کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن تھا،محض 22 کے مجموعے پر تین وکٹیں گر چکی تھیں، اس موقع پر کپتان سرفراز احمد اور افتخار احمد نے ٹیم کی کشتی پار لگانے کی سعی کی، لیکن وہ لاحاصل ثابت ہوئی اور اُن کے آئوٹ ہونے کے بعد جیسے لائن لگ گئی ہو اور پوری ٹیم محض 101 رنز بناکر آل آئوٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے اُڈانا اورپردیپ نے 3، 3 جب کہ ڈی سلوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔گناتھیلاکا جارحانہ بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں