دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں‌ بھی پاکستان کو مات، سیریز سری لنکا کے نام

لاہور (این پی پی) چلے ہوئے کارتوسوں احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ پاکستان کو خاصا مہنگا پڑا اور ایک نسبتاً کمزور ٹیم اس کے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت گئی۔ یاد رہے قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون ہے جب کہ اُس کو جس ٹیم سری لنکا سے سیریز میں شکست ہوئی ہے وہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آٹھویں درجے پر ہے۔ 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم147 رنز بناکر انیسویں اوورز میں آئوٹ ہوگئی۔ عماد وسیم 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اُن کے علاوہ آصف علی 29 اور کپتان سرفراز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پردیپ نے 25 رنز دے کر چار پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ڈی سلوا نے تین وکٹیں لیں۔ اس بار بھی عمر اکمل صفر کی خفت سے دوچار ہوکے ٹیم کو مزید دبائو میں چھوڑ کر چلتے بنے جب کہ احمد شہزاد مزاحمت کی کوشش ہی کرسکے، اُن کی سست اننگز 13 رنز تک محدود رہی۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کے لیے 182 رنز کا ہدف مقرر کیا، راجا پکسہ نے جارحانہ 77 رنز کی باری کھیلی، شیہان جیاسوریا نے 34 رنز کے ساتھ اُن کا بھرپور ساتھ دیا۔یوں سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تجربات کی بھینٹ قومی ٹیم کو چڑھادیا گیا، جس کے نتیجے میں سیریز سری لنکا جیت چکا، اب پرسوں کھیلا جانے والا آخری مقابلہ رسمی کارروائی ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں