وائٹ واش کی ہزیمت ،قومی ٹیم رُسوائیوں کی دلدل میں دھنس گئی

لاہور (این پی پی) سری لنکا نے پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار کرکے رُسوائیوں کی دلدل میں بُری طرح دھنسا دیا ہے۔ قومی ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 13 رنز سے شکست۔ 147 رنز کا ہدف پہاڑ بن گیا، جسے ہمارے کھلاڑی سر نہ کرسکے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمبرون کا تاج اپنے سر پر سجانے والی پاکستان ٹیم کی سری لنکا نے بُری طرح درگت بنائی۔ آخری مقابلہ جیت سکتے تھے لیکن بابر اعظم اور حارث سہیل کی سستی نے جیت کا سنہری موقع ہاتھ سے گنوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں بلے باز سیٹ ہونے کے باوجود سہل پسندی کا شکار نظر آئے اور مطلوبہ رن اوسط برقرار رکھنے کی اُنہوں نے چنداں کوشش تک نہ کی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم چھ وکٹ کے نقصان پر 134 رنز تک محدود رہی۔اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میںسات وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ اپنے کیریئر کا پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے اوشادہ فرنانڈو نے شاندار 78 رنز کی باری کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔ اُن کی اننگز تین چھکوں اور 8 چوکوں سے مزین تھی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 27 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہدف کے تعاقب میں پہلی ہی گیند پر فخر زمان کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل کی عمدہ 76 رنز کی شراکت رہی، تاہم یہ شراکت سستی سے عبارت تھی۔ جس میں رنز اوسط بڑھانے کی طرف توجہ ہی نہ دی گئی اور گیندیں ضائع کی جاتی رہیں اور پے درپے آئوٹ ہوکر یہ کھلاڑی قومی ٹیم کو دبائو میں چھوڑ کر چلتے بنے۔ کپتان سرفراز بھی متاثر کُن کھیل پیش نہ کرسکے۔ وہاب ریاض 12 اور افتخار احمد 17 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں